بھٹکل 21 جنوری (ایس او نیوز) شفاء کراس کے قریب نیشنل ہائی وے پر ایمبولنس اور لاری کی ٹکر میں ایمبولنس کے پرخچے اُڑ گئے، البتہ حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ واردات جمعہ شام قریب 5:30 بجے پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ ایمبولنس ہوناور سرکاری اسپتال سے ایک مریضہ کو لے کر منی پال جارہی تھی، مریضہ کے ساتھ مزید ایک خاتون اور دو مرد حضرات بھی تھے، بھٹکل میں ایک لاری کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں ایمبولنس نے اُسی لاری کو پیچھے سے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں ایمبولنس کو شدید نقصان پہنچا ، مگر ڈرائیور اور ایمبولنس پر سوار مریض سمیت چاروں لوگ محفوظ رہ گئے۔
بھٹکل سے فوری طور پر دوسری ایمبولنس کا انتظام کرکے مریضہ کو منی پال روانہ کیا گیا۔ اس موقع پر جائے واردات پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی تھی، کچھ دیر تک ہائی وے پر ٹریفک نظام بھی متاثر رہا۔ حادثے کے فوری بعد پولس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی اور ٹریفک نظام کو درست کیا۔